Buy website traffic cheap

Showbiz industry delayed leaving, Zainab Jamil

شوبز انڈسٹری چھوڑنے میں تاخیر کردی ،زینب جمیل

شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیارکرنے کا اعلان کرنے والی زینب جمیل نے کہا ہے تین سال قبل قرآن پاک کی تعلیم حاصل کرنا شروع کی تھی ان کا کہناتھا کہ شوبز چھوڑنے کے اعلان میں تاخیر ہو گئی ہے ۔
ماڈل زینب جمیل نے انسٹاگرام سٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے اپنی زندگی کا سب سے بڑا فیصلہ لینے کے بارے میں تفصیل بتائی ۔زینب جمیل نے اپنی انسٹا اسٹوری میں کہا کہ ’جو لوگ مجھ سے یہ پوچھ رہے ہیں کہ میں نے اچانک شوبز چھوڑنے کا فیصلہ کیوں کیا تو میں ان کو بتانا چاہتی ہوں کہ میں نے اپنے اس فیصلے کا اعلان کرنے میں تھوڑی تاخیر کردی۔

انہوں نے کہا کہ ’تاخیر کی وجہ شاید یہ تھی کہ میں اس فیصلے پر قائم رہنے کے لیے پوری طرح سے تیار نہیں تھی اور میں ان سوالوں کے جواب تلاش کر رہی تھی تو میرے دماغ میں بہت عرصے سے جنم لے رہے تھے۔‘

سابقہ اداکارہ نے کہا کہ ’میں نے تین سال قبل قرآن پاک تفسیر سے پڑھنا شروع کیا تھا اور میں اس کے لیے اپنی استاد کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے ناصرف مجھے قرآنی تعلیم دی بلکہ میرے سوالوں کے جواب بھی دیے۔زینب جمیل نے کہا کہ ’مجھے اپنے کام سے پیار تھا لیکن میں سوچتی تھی کہ میرے اس کام میں کسی چیز کی کمی ہے، یہ وہ نہیں ہے جو مجھے کرنا ہے لہٰذا اتنے سوچنے سمجھنے کے بعد میں نے شوبز چھوڑ کر اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔‘

سابقہ اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ میں اپنے الفاظ سے کسی بھی اداکار کا دل نہیں دکھانا چاہتی ہوں، میں نے صرف اپنے ایمان کی خاطر اداکاری چھوڑی ہے اس کے علاوہ کوئی دوسری وجہ نہیں ہے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ ’میں ان تمام پروڈیوسرز اور ہدایتکاروں کی شکرگزار ہوں جنہوں نے میرے اس فیصلے کو سراہا اور میرا ساتھ دیا۔یاد رہے کہ زینب جمیل نے اپنی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا تھا کہ ’میں فخر سے اس بات کا اعلان کر رہی ہوں کہ میں نے اداکاری اور ماڈلنگ چھوڑ دی ہے۔‘